کوچی۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنگ زدہ عراق سے 5 جولائی کو کوچی پہنچنے والی 46 نرسیس کی مدد کیلئے مزید تیقنات کا سلسلہ جاری ہے۔ صدرنشین ایسٹر ڈی ایم ہیلتھ کیر اور ڈائریکٹر غیرمقیم کیرالا کے شہریوں کی اسوسی ایشن ڈاکٹر آزاد موپین نے پیشکش کی ہے، ہر نرس کی فوری ضروریات کی تکمیل کیلئے 25 ہزار روپئے کی رقمی امداد کی جائے گی اور ہندوستان و بیرون ملک مختلف انتظامیوں میں انہیں ملازمت کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ وہ ہندوستان میں تقریباً 4,500 اور بیرون ملک 5,000 افراد کو اپنے 170 سے زیادہ انتظامیوں میں ملازمتیں فراہم کرچکے ہیں۔ ان کے ارکانِ عملہ میں 1500 سے زیادہ نرسیس شامل ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے ایک ہندوستانی تاجر نے بھی 46 ہندوستانی نرسیس کو متحدہ عرب امارات میں ملازمتیں فراہم کرنے کا پیشکش کیا ہے۔ این ایم سی ہیلتھ کیر گروپ کے سی ای او ڈاکٹر بی آر شیٹی نے بھی ملازمتوں کی پیشکش کی ہے۔