عراق : تین تیل کنویں نذرآتش، جہادیوں کی کارروائی

کرکک (عراق) ، 28 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) اپنے قدم پیچھے ہٹانے پر مجبور جہادیوں نے آج شمالی عراق کے ایک آئیل فیلڈ میں تین کنوؤں کو نذر آتش کردیا جبکہ وہ کرد فورسیس سے نبردآزما ہیں جنھوں نے قریبی علاقہ میں بڑا حملہ شروع کیا ہے، عہدیداروں نے یہ بات کہی۔ نارتھ آئیل کمپنی کے عہدہ دار نے کہا کہ مملکت اسلامی (آئی ایس) کے جہادیوں نے این ذلب فیلڈ کو چھوڑ کر جانے سے قبل تیل کنوؤں کو آگ لگا دی، جہاں اوائل اگسٹ میں عسکریت پسندوں نے قبضہ کرلیا تھا۔ کرد فورسیس کے ایک کرنل نے کہا کہ انھوں نے ایک بڑا حملہ شروع کیا جس نے جہادیوں کو آئیل فیلڈ کے علاقے میں کئی دیہات سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا ۔ آئی ایس زیرقیادت عسکریت پسندوں نے جون میں زبردست جارحانہ مہم چھیڑی تھی جس نے عراق کے بڑے علاقوں کو روند ڈالا۔