عدن کے ہوٹل پر راکٹ حملہ، ہلاکتوں کا خدشہ

صنعاء ۔ 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) یمن سے اطلاعات کے مطابق منگل کو جنوبی شہر عدن میں تین مختلف دھماکوں کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں سے ایک راکٹ حملہ اس ہوٹل پر کیا گیا جہاں وزیراعظم سمیت دیگر حکام رہائش پذیر تھے۔ ہوٹل کی عمارت میں آگ لگ گئی ہے اور ایمبولینس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔ تاہم ابھی ہلاکتوں کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر دو دھماکے متحدہ عرب امارات کے فوجیوں کی رہائش گاہ اور ہیڈ کوارٹرز پر ہوئے ہیں۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ اس راکٹ حملے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں عدن کے شہر میں اس ہوٹل کے گرد سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے جا رہے ہیں۔  اطلاعات کے مطابق ایک دستی بم ہوٹل کے دروازے پر داغا گیا، دوسرا آر پی جی دروازے کے قریب گرا جبکہ تیسرا راکٹ شہر کے بریقہ ضلعے میں گرا۔