عدلیہ کی آزادی خطرہ میں ہے : کانگریس

نئی دہلی ۔ 26اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج کہا کہ عدلیہ کی آزادی خطرہ میں ہے اور پوچھا کہ آیا وہ اب ’’بس بہت ہوگیا ‘‘کی حالت پر ایک آواز میں بات کریں گے ۔ کانگریس کا یہ سخت ردعمل حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کالجیم کو اس کی سفارش جس میں جسٹس کے ایم جوزف کو ترقی کے ساتھ عدالت عالیہ میں متعین کرنے کی سفارش کی گئی تھی ‘ واپس کردینے اور اس پر دوبارہ غور کرنے کیلئے کہنے کے بعد سامنے آیا ۔ کانگریس کے سینئر قائد کپل سبل نے یہاں اخباری نمائندوں سے کہا کہ ہندوستانی عدلیہ خطرہ میں ہے اور اگر ہماری عدلیہ اس کی آزادی کے تحفظ میں متحد نہ ہو تو پھر جمہوریت خطرہ میں ہے ‘ وہ ہائیکورٹس میں خود ان کے لوگوں کو بھر دینا چاہتے ہیں ۔