عثمان خواجہ کی شاندار اننگز سے آسٹریلیا کا مستحکم موقف

 

سڈنی۔5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عثمان خواجہ اور کپتان اسٹیون ا سمتھ کے مابین تیسری وکٹ کے لئے 107 رنز کی ناٹ آوٹ سنچری شراکت کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ایشز کرکٹ ٹسٹ کے دوسرے دن آج دن کے اختتام تک دو وکٹ پر 193 رنز بنا کر اپنا موقف مضبوط کرلیا ہے۔ آسٹریلیا نے دوسرے دن کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں67 اوور کے کھیل میں دو وکٹ کے نقصان پر 193 رنز بنا لئے ہیں اور وہ اب انگلینڈ کے اسکور سے 153 رنز پیچھے ہے جبکہ اس کے آٹھ وکٹ محفوظ ہیں۔کریز پر خواجہ 91 رنز او اسمتھ44 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔انگلینڈ میزبان ٹیم کی اننگز میں صرف دو وکٹ حاصل کرنے میں ہی کامیاب رہی جس میںاوپنرکیمرون بینکرافٹ (صفر) کو اسٹیورٹ براڈ نے جبکہ ڈیوڈ وارنر(56) جیمز اینڈرسن نے آؤٹ کیا۔ میزبان ٹیم نے صبح انگلینڈ کی پہلی اننگز 112.3 اوور میں 346 رنز پر سمیٹ دی تھی لیکن اس کی اننگز کی شروعات بھی خراب ہی رہی اور بینکرافٹ کھاتہ ہی نہیں کھول سکے ۔وہ سات گیندیں ہی کھیل سکے تھے کہ براڈ نے انہیں ٹیم کے ایک رن کے اسکور پر ہی بولڈ کر دیا جبکہ نائب کپتان وارنر چائے کے وقفہ سے پہلے آؤٹ ہوگئے اور آسٹریلیا نے 96 رنز جوڑ کر اپنے دونوں اوپنرس کو گنوا دیا۔وارنر نے 104 گیندوں میں چھ چوکے لگا کر 56 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیلی اور خواجہ کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 85 رنز کی ساجھے داری کی۔ جانی بیرسٹو نے اینڈرسن کی گیند پر وارنر کو کیچ آوٹ کیا۔آسٹریلیائی نائب کپتان وارنر کے بعد کپتان اسمتھ نے خواجہ کے ساتھ مل کر پھر سنچری شراکت کی اور ٹیم کو کوئی اور نقصان نہیں ہونے دیا۔خواجہ اپنی سنچری سے اب صرف نو رن دور ہیں جبکہ اسمتھ ناٹ آؤٹ 44 رنز بنانے کے ساتھ آسٹریلیا کی جانب سے تیز 6000 ٹسٹ رنز بنانے والے دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں۔انہوں نے 111 اننگز میں یہ کامیابی حاصل کی اور وہ عظیم بیٹسمین ڈان بریڈمین کے بعد ایسا کرنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔دنیا کے نمبر ایک ٹسٹ بیٹسمین اسمتھ نے موجودہ ایشز سیریز میں ڈبل سنچری سمیت اب تک تین سنچری بنائی ہیں ۔انہوں نے ناٹ آؤٹ 44 رن کے لئے 88 گیندوں میں تین چوکے لگائے جبکہ خواجہ نے 204 گیندوں کی اننگز میں سات چوکے اور ایک چھکا لگا کر آسٹریلیا کو مضبوط مقام میں پہنچایا ۔اس سے پہلے صبح انگلینڈ نے اپنی اننگز کا آغاز کل کے 233 رنز پر پانچ وکٹ سے آگیا کیا تھا۔ اس وقت ڈیوڈ ملان 55 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے ۔ انہوں نے 180 گیندوں کی اننگز میں چھ چوکے لگا کر 62 رنز کی اہم اننگز کھیلی لیکن مچل اسٹارک نے انہیں اسمتھ کے ہاتھوں کیچ کراکر انگلینڈ کا چھٹا وکٹ حاصل کیا۔انگلینڈ کی نچلی صف کے بیٹسمینوں نے آسٹریلیا کی ناقص فیلڈنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 95 رنز اور جوڑے ۔اسمتھ نے بھی میچ میں تین کیچ چھوڑے ۔ وہیں پیٹ کمنز نے ٹام کران کا کیچ 21 کے اسکور پر چھوڑا جبکہ اس کے اگلے ہی اوور میں جوش ہیزل وڈ نے معین علی کا کیچ 22 کے اسکور پر چھوڑا۔ ٹام نے پھر 39 رنز اور علی نے 30 رنز بنائے اور 43 رن کی ساجھے داری کی۔دونوں کو کمنز نے آؤٹ کیا جبکہ نویں نمبر پر براڈ نے 31 رنز کا تعاون دیا اور ٹام کے ساتھ 41 رن کی ساجھے داری کی۔ لنچ سے پہلے تک براڈ نے اسپن اچھا سامنا کیا لیکن پھر اسپنر ناتھن لیون کا شکار بن گئے ۔ میسن کرین (چار) کے رن آوٹ ہونے کے ساتھ ہی انگلینڈ کی اننگز 346 پر سمٹ گئی۔آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 80 رن پر سب سے زیادہ چار وکٹ حاصل کیے جبکہ اسٹارک اور ہیزل ووڈ کو فی کس دو وکٹ ملے ۔