عبدالفتح السیسی صدارتی انتخابی مقابلہ کیلئے تیار

مرسی کے حامیوں کا احتجاج ، تازہ جھڑپوں میں چار ہلاک
قاہرہ ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مصر کے معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں نے گذشتہ روز نمازجمعہ کے بعد احتجاجی مارچ کا آغاز کردیا جس کے ساتھ ہی سارے مصر میں تازہ جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں ۔ اسکندریہ میں آج ایک احتجاجی ہلاک ہوگیا ۔ اس دوران مصری فوج کے سربراہ عبدالفتح السیسی نے کہا کہ عوام کے بیحد اصرار اور فوج کی تائید کی صورت میں وہ صدارتی انتخابات میں مقابلہ بھی کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے عوام سے نئے دستور پر ریفرنڈم میں حصہ لینے کی خواہش کی ۔ سیسی نے مصر کے جمہوری طور پر منتخب صدر مرسی کو گذشتہ سال جولائی میں اقتدار سے معزول کردیا تھا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ اس سال کے اواخر مقررہ انتخابات میں مقابلہ کرنے کے لیے انہیں فوج کی تائید بھی حاصل ہے ۔ سیسی نے سرکاری عہدیداروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’ اگر میں خود اپنا نامزدگی داخل کروں تو اس کے لیے عوام کی بے پناہ تائید اور فوج کی حمایت حاصل ہونا بھی ضروری ہوگا ۔ روزنامہ الاہرام کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے ان تبصروں کی بھر پور تائید کی اور کہا کہ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں ۔۔