عام آدمی پارٹی سیاست کی ’’ایٹم گرل‘‘: چیتن بھگت

نئی دہلی 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نامور مصنف چیتن بھگت نے جو عام آدمی پارٹی کے زبردست حامی سمجھے جاتے ہیں، آج اِس کے دہلی میں دھرنے پر سخت تنقید کرتے ہوئے اُسے ’’سیاست کی ایٹم گرل‘‘ قرار دیا۔ بھگت نے دو روزہ دھرنے کی مذمت کی جس میں چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور اُن کی کابینہ کے وزراء نے شرکت کی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھیں اِس کارروائی پر شرم آرہی ہے۔ بھگت این ڈی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی نے درحقیقت مجھے مایوس کیا ہے۔ وہ اُن کی حرکتوں پر اتنی شرمندگی محسوس کررہے ہیں کہ اِس کا تجزیہ کرنے سے بھی قاصر ہیں۔ اُنھوں نے نشاندہی کی کہ دو پولیس عہدیداروں کو عام آدمی پارٹی کے احتجاج کے بعد رخصت پر بھیج دیا گیا ہے جبکہ پارٹی نے پورے دارالحکومت کو مفلوج کردیا تھا۔ پولیس کی حوصلہ شکنی کی تھی اور تاجر طبقہ کے جذبات اور احساسات مجروح کئے تھے۔

ملائم سنگھ یادو کیخلاف شکایت مسترد
لکھنؤ ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مقامی عدالت نے سماج وادی پارٹی صدر ملائم سنگھ یادو کے خلاف ایک خانگی شکایت کو مسترد کردیا ہے جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ مظفرنگر میں فرقہ وارانہ فسادات کے دوران قابل اعتراض بیان دیا تھا۔ جوڈیشیل مجسٹریٹ نے میٹالی گوند راؤ نے منگل کو ملائم سنگھ یادو کے خلاف داخل کردہ شکایت کو مسترد کردیا۔ عدالت نے شکایت میں کئے گئے مطالبہ کو بھی قبول کرنے سے انکار کردیا کہ ملائم سنگھ کے خلاف سمن جاری کیا جائے۔ مقامی کارکن ویریندر سنگھ کو بھی فساد سے متاثرہ کیسوں میں ملزم قرار دیا گیا ہے۔
وہ اس وقت ضمانت پر رہا ہے۔