عام آدمی پارٹی ایک وقتی اُبال، انتخابی جادو کے اعادہ کا امکان نہیں : آنند شرما

نئی دہلی 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے عروج کو وقتی اُبال قرار دیتے ہوئے کانگریسی قائد آنند شرما نے کہاکہ عام آدمی پارٹی یقینا دہلی میں اپنی انتخابی کارکردگی کا لوک سبھا انتخابات میں اعادہ نہیں کرسکے گی۔ نو مرحلوں پر مشتمل لوک سبھا انتخابات کا 7 اپریل سے آغاز ہورہا ہے اور 16 مئی کو رائے شماری کے ساتھ اِس کا اختتام ہوگا۔ مرکزی وزیر صنعت و تجارت آنند شرما نے کہاکہ عام آدمی پارٹی خود ساختہ نراج پسند پارٹی ہے جو اُس نظام میں یقین نہیں کرتی۔

جس کے تحت وہ ہے۔ لیکن اس کو تباہ کردینا چاہتی ہے لیکن اُس کے پاس اِس کا متبادل کوئی نظام بھی نہیں ہے جو وہ پیش کرسکے۔ انا ہزارے کی انسداد کرپشن مہم نے ایک تاریخ بنائی تھی جس کے نتیجہ میں عام آدمی پارٹی وجود میں آئی اور 70 رکنی دہلی اسمبلی میں 28 نشستیں حاصل کرتے ہوئے پارٹی نے بھی اپنی ایک تاریخ تحریر کی تھی۔ 48 دن برسر اقتدار رہنے کے بعد 14 فروری کو اروند کجریوال نے چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ چنانچہ حکومت بھی ختم ہوگئی۔