عام انتخابات کے پیش نظر پولیس کی چوکسی

نارائن کھیڑ۔22فبروری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایس پی ضلع میدک شریمتی شموشی باجپائی نے کہا کہ ضلع میدک میں امن اور قانون نظم و ضبط کی برقراری اور حادثات کے تدارک کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں اور پُرامن فضاء کو مکدر کرنے والے غیر سماجی عناصر پر کڑی نظر رکھی گئی ہے تاکہ ضلع بھر میں پیش آنے والی کسی بھی ناگہانی صورتحال پر فوری طور پر قابو پایا جاسکے ۔ ایس پی شریمتی شموشی باجپائی بحیثیت ایس پی ضلع میدک اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ اپنے دورہ نارائن کھیڑ کے موقع پر آج احاطہ پولیس اسٹیشن نارائن کھیڑ میں مقامی اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہی تھیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع میدک میں پیپلزوار گروپ نکسلائیٹس کی سرگرمیاں ماند پڑگئی ہیں اور گذشتہ 6 تا 7سال کے دوران ان کی سرگرمیوں کا کوئی اثر نہیں ہے ۔ انہںو نے کہا کہ عنقریب منعقد شدنی عام انتخابات کے پیش نظر ضلع بھر میں انتخابات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کے معقول انتظامات کو عنقریب قطعیت دی جائے گی ۔ شریمتی شموشی باجپائی نے بتایا کہ ضلع بھر میں واقع تمام پولیس اسٹیشنوں میں جاری جرائم ‘ حادثات اور جائیداد کے تنازعات سے متعلق طویل مدت سے زیر دوران مقدمات کی جلد از جلد یکسوئی کے سلسلہ میں تمام پولیس عہدیداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔ اس موقع پر سرکل انسپکٹر پولیس نارائن کھیڑ مسٹر نندیشور ریڈی ‘ سب انسپکٹر پولیس نارائن کھیڑ I مسٹر بالریڈی ‘ سب انسپکٹر پولیس نارائن کھیڑ II ‘ مسٹر جئے پرکاش اور دیگر پولیس عملہ موجود تھا ۔