اندور ۔ /10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے کہا کہ 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات کے بعد ایک متبادل اتحاد ابھرنے کے امکانات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں جن کا تعلق مختلف ریاستوں سے ہے ریاستی سطح پر عام انتخابات کیلئے اتحاد قائم کریں گی ۔ وہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ابھرنے والی صورتحال کا انتظار کریں گے ۔ نریندر مودی حکومت کو یچوری نے کاشتکار دشمن قرار دیا اور کہا کہ عوام کی خواہش ہے کہ آئندہ انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کردیں ۔ انہوں نے بی جے پی کے اس ادعا کو مسترد کردیا کہ کرپشن کے خلاف گزشتہ 4 سال سے جنگ جاری ہے ۔