بیدر میں جائزہ اجلاس، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر پی سی جعفر کا خطاب
بیدر۔/23فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) لوک سبھا انتخابات 2014ء کے پیش نظر ضلع بیدر میں تیاریوں کا جائزہ لینے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر والیکشن آفیسر ڈاکٹر پی سی جعفر نے صدارت کی۔ ضلع بیدر کے اوراد، بیدر، بھالکی، ہمناباد، بسوا کلیان اور گلبرگہ ضلع کے الند، چنچولی اسمبلی حلقہ جات بیدر لوک سبھا نمبر 7کے تحت آتے ہیں۔ ہر ایک اسمبلی حلقہ کیلئے ایک الیکشن آفیسر ہوگا تمام تعلقہ آفسوں میں انتخابات کیلئے ضروری سہولتیں جیسے فیکس، انٹرنیٹ اور کمپیوٹر وغیرہ نصب کرنے ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلداروں کو ہدایت دی ہے۔ انتخابات کیلئے تعینات تمام عہدیدار اور ملازمین شناختی کارڈس کی تعداد، نشان سلسلہ پر مشتمل تمام تفصیلات، ایچ آر ایم ایس میں درج کرنے تمام ملازمین سرکار کے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل رہیں۔ گذشتہ اسمبلی انتخابات کی طرح اس مرتبہ بھی ایم سی سی، فلائنگ اسکواڈ، وی وی ٹی، ایس ایس ٹی سیکٹر آفیسر کی ٹیمیں رہیں گی۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر ضلع پنچایت ضابطہ اخلاق کی ڈسٹرکٹ ٹیم کے سربراہ رہیں گے۔ انتخابی سیکوریٹی کیلئے پیراملٹری، بی ایس ایف اور سی آر پی ایف کی ٹیموں کے لئے رہائش، طعام، پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنے کے لئے سپرنٹنڈنٹ پولیس کو ہدایت دی اور کہا کہ مٹکہ، گیمبلنگ، غنڈہ سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں۔ علاوہ ازیں غیر قانونی شراب کی روک تھام کیلئے سرحدی علاقوں میں چیک پوسٹ قائم کرنے پولیس اور اکسائیز حکام کو ہدایت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی شراب کا پتہ لگانے سے متعلق محکمہ اکسائیزروزانہ رپورٹ داخل کرے۔ضلع میں 1431پولنگ بوتھس ہیں۔ تمام تحصیلدار اپنے حدود میں پولنگ بوتھس کا خود معائنہ کریں اور ضروری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اندرون ہفتہ ڈپٹی کمشنر آفس میں رپورٹ داخل کریں۔