ماضی کے رجحان سے انحراف ۔ 25 اراکین میں پنجاب کی بھاری نمائندگی
نئی دہلی ، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی نے آج اپنی نئی قومی عاملہ کا اعلان کیا، جو اس پارٹی کا دوسرا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے۔ نئی عاملہ میں سات خواتین شامل ہیں، جو ماضی کے رجحان سے انحراف ہے، جب اس ادارہ میں کوئی بھی خاتون نمائندہ نہیں ہوا کرتی تھی۔ اس ادارہ کی تنظیم جدید کے بعد 25 اراکین میں پنجاب کے کئی نام ہیں، جہاں 2017ء میں الیکشن ہونے والا ہے، جو پارٹی کیلئے بہ اعتبار چناؤ توجہ کا اگلا بڑا مقام ہے۔ ان کے علاوہ پانچ اسٹیٹ کنوینرز بہ لحاظ عہدہ قومی عاملہ کے ارکان بن گئے ہیں۔ قومی عاملہ کے اراکین میں پارٹی سربراہ اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال، ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا، سنجے سنگھ، گوپال رائے، پنکج گپتا، اشوتوش اور کمار وشواس شامل ہیں۔ نئے ارکان میں یامینی گومر، پریتی شرما مینن، بھگونت مان، ہرجوت بینس، بالجندر کور، اتیشی مرلینا، میرا سانیال، بھاؤنا گور، راکھی برلا، عمران حسین اور امانت اللہ خان شامل ہیں۔ قومی عاملہ میں گزشتہ ایک سال میں بڑی تبدیلی آئی جس کا سبب متعدد اخراج اور استعفے ہیں، جو پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ یوگیندر یادو اور پرشانت بھوشن کے تصادم کے ساتھ شروع ہوئے۔ یوگیندر اور پرشانت کو مخالف پارٹی سرگرمیوں کے الزامات پر باہر کا راستہ دکھایا گیا۔