عام آدمی پارٹی کو لیفٹننٹ گورنر دہلی پر بھروسہ

نئی دہلی 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام )لیفٹننٹ گورنر کی جانب سے صدر جمہوریہ کو مکتوب روانہ کرنے پر غور کی اطلاعات کے دوران عام آدمی پارٹی نے آج پر زور انداز میں نجیب جنگ سے خواہش کی کہ دستوری عہدہ کا احترام کریںاور کوئی ’’نامناسب‘‘کارروائی نہ کریں۔ امکان ہے کہ لیفٹننٹ گورنر دہلی میں تشکیل حکومت کے بارے میں صدر جمہوریہ سے تبادلہ خیال کی تجویز پیش کرسکتے ہیں۔ سینئر پارٹی قائد یوگیندر یادو نے کہا کہ پارٹی کو اعتماد ہے کہ کوئی بھی شخص جو کسی دستوری عہدہ پر فائز ہو ’’کسی نامناسب ‘‘کارروائی میں ملوث نہیں ہوسکتا۔ پارٹی اسمبلی کے تحلیل اور تازہ انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کرتی رہی ہے ۔ اطلاع ملی تھیں کہ دہلی میں حکومت تشکیل دینے کی کوشش کی جائے گی لیکن اس سلسلہ میں گورنر نے اب تک کوئی سرکاری مداخلت نہیں کی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ 70 رکنی دہلی اسمبلی میں عام آدمی پارٹی کی 28 نشستیں ہیںجن میں اخراج شدہ قائد بنی بھی شامل ہیں ۔