عام آدمی پارٹی کو غیرمسلمہ قرار دینے کی درخواست پر جواب طلبی

نئی دہلی۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال سے ان کی پارٹی کو ’’غیرمسلمہ‘‘ قرار دینے کی درخواست پر جواب طلبی کی ہے۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے سیاسی پارٹی کی حیثیت سے اپنے رجسٹریشن کے وقت جعلی دستاویزات پیش کی تھیں۔ جسٹس منموہن نے کجریوال ، ان کی پارٹی کے 6 ارکان کو اندرون چار ہفتہ جواب دینے کی ہدایت دی ہے اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کو اندرون چار ہفتہ جوابی حلف نامہ داخل کرنے کیلئے کہا ہے۔ درخواست جن راجیہ پارٹی نے داخل کی ہے جو ایک غیرمسلمہ سیاسی پارٹی ہے۔ اس نے خواہش کی ہے کہ جعلسازی کی وجہ سے الیکشن کمیشن کو عام آدمی پارٹی کی مسلمہ حیثیت ختم کردینی چاہئے۔