کانگریس سے دوری اختیار کرنے مسلمانوں سے اپیل
نئی دہلی 5 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک با اثر مسلم تنظیم جماعت اسلامی ہند نے مسلم برادری سے کہا ہے کہ اب وہ کانگریس کی تائید چھوڑ کر ارون کیجریوال کی عام آدمی پارٹی کی تائید کریں۔ اس اقدام سے کانگریس کو نقصان ہونے کا اندیشہ ہے ۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ جماعت اسلامی نے کانگریس کے خلاف اتنا شدید موقف اختیار کیا ہے ۔ جماعت کے سکریٹری جنرل مولانا نصرت علی نے جماعت میں کئی مسائل پر داخلی تبادلہ خیال کے بعد کہا کہ مسلمانوں کا اب یہ احساس ہے کہ انہیں کانگریس کے تعلق سے اپنے موقف پر نظر ثانی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی حکومت کی تشکیل کا ملک بھر میں عموما خیر مقدم کیا جا رہا ہے ۔ ہم ان نئے رجحانات کو قابل توجہ سمجھتے ہیں۔ جماعت اسلامی دوسری مسلم تنظیموں کی طرح ابتداء میں انا ہزارے کی قیادت میں انسداد کرپشن مہم کی حمایت سے گریزاں تھی اور انتظار کرو و دیکھو کی پالیسی پر عمل پیرا تھی ۔ جماعت نے تاہم کہا ہے کہ عام آدمی پارٹی اب ایک متبادل کے طور پر ابھر گئی ہے اور مسلمانوں کو اس کی حمایت کرنی چاہئے ۔