عام آدمی پارٹی رکن اسمبلی کی ضمانت منظور

نئی دہلی۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی مہیندر یادو جنہیں ایک احتجاج کے دوران سرکاری عہدیدار پر حملہ اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ دہلی کی ایک عدالت نے ضمانت منظور کردی ہے۔ میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ہرویندر سنگھ نے کل رکن اسمبلی کو ایک دن کیلئے پولیس تحویل میں بھیج دیا تھا۔ آج 20,000 روپئے کا شخصی مچلکہ پیش کرنے پر انہیں رہا کردیا۔ عدالت نے اس کیس میں گرفتار دیگر چار ملزمین روپیش کتیانی، دیویندر کمار، روشن کمار اور سیلیش کمار کی ضمانت منظور کردی تھی۔ پولیس کی اطلاع کے بموجب مغربی دہلی کے علاقہ نہیپال وہار میں ایک تین سال لڑکی پر جنسی حملہ ہوا۔ رکن اسمبلی مہیندر یادو نے 28 جنوری کو شام ایک پرتشدد احتجاج کی قیادت کی تھی اور جس کے دوران ہجوم نے ایک سرکاری گاڑی کو نذرآتش اور گاڑی میں سوار ایک عہدیدار کو آگ لگا دینے کی کوشش کی تھی۔ احتجاجیوں کا مطالبہ تھا کہ 28 سالہ ملزم کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور یہ الزام عائد کیا تھا کہ پولیس اس کیس سے نمٹنے میں تساہل برت رہی ہے، گوکہ جوائنٹ کمشنر پولیس (ساؤتھ ویسٹ) دیپیندر پٹسانگر نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ملزم کواحتجاج سے قبل ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔ دہلی میں اروند کجریوال برسراقتدار آنے کے بعد مہیندر یادو گرفتار ہونے والے عام آدمی پارٹی کے چھٹے رکن اسمبلی ہیں۔

 

کیرالا : کے بابو استعفے سے دستبردار
تھرواننتاپورم ، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر آبکاری جو بار رشوت کیس میں اپنے خلاف ایف آئی آر درج کرنے ویجلنس کورٹ کی ہدایت کے تناظر میں مستعفی ہوگئے تھے، آج برسراقتدار کانگریس زیرقیادت یو ڈی اے کی حمایت پر اپنے استعفے سے دستبردار ہوگئے۔