نئی دہلی ۔ 22مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) آج اسمبلی میں عام آدمی پارٹی حکومت نے 2018-19ء کیلئے 53ہزار کروڑ کا بجٹ پیش کیا ۔ اس میں ماحولیات ‘ صحت‘ تعلیم اور پانی کیلئے خصوصی اہمیت دی گئی ہے ۔ منیش سیسوڈیا نے اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ بجٹ دہلی کے متوسط اور غریب عوام کو فائدہ پہنچانے اور معاشی مقاصد کے حصول میں ترقی فراہم کرے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ مالی سال کے بجٹ44.370 کروڑ کے اسٹیمیٹ کے مقابل نئے بجٹ میں 19.45 فیصد اضافہ کے ساتھ تخمینہ 53ہزار کروڑ کا کیا گیا ہے ۔ شہر کی آلودگی کوختم کرنے میں یہ پہلا ’’ گرین بجٹ ‘‘ حکومت و عوام کو فائدہ پہنچائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 26نئے پروگرامس اور اسکیمیں حمل و نقل ‘ پاؤر ‘ ماحولیات اور پی ڈبلیو ڈی میں آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے مثبت سسٹم تیار کیا جائے گا ۔ مختلف آلودگیوں کی روک تھام کیلئے مختلف انداز میں کام کیا جائے گا ۔ ایک ہزار کروڑ روپئے کے صرفہ سے سڑکوں کو درست کیا جائے گا ۔