عام آدمی پارٹی ایک انتباہ ، ایک چیلنج: دویدی

نئی دہلی۔ 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے عروج کو ’’ایک انتباہ اور ایک چیلنج‘‘ قرار دیتے ہوئے کانگریس کے سینئر قائد جناردھن دویدی نے کہا کہ اس سے موجودہ نظام اور بڑی سیاسی پارٹیوں پر عوام کی برہمی کی عکاسی ہوتی ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جناردھن دویدی نے ساتھ ہی ساتھ کہا کہ اس قسم کا ’’نراج‘‘ کوئی ’’مثالی نظام‘‘ تخلیق نہیں کرسکتا۔ بی جے پی کے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک ’’افسوسناک‘‘ بات ہے کہ وہ جبر و ظلم کے عادی ہیں،

لیکن انہیں پارٹی نے قیادت کیلئے دیگر قائدین پر ترجیح دی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو شخص سطحی سیاست کرتا ہے، عوام کا مخالف ہوتا ہے۔ اس کو برسراقتدار آنے کا خواب دیکھنے کا کوئی حق نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ کے علاوہ بھی دہلی میں عام آدمی پارٹیکی کامیابی کسی بھی بڑی سیاسی پارٹی کے لئے ایک انتباہ اور ایک چیلنج سے کم نہیں ہے۔ یہ عام آدمی حکمرانی کی موجودہ سیاسی نظام پر فتح ہے۔ اس کو قبول کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ کانگریس کے بشمول تمام سیاسی پارٹیوں کو اب اس کا احساس ہوگیا ہوگا۔