کراچی۔5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث محمد عامر کی بین الاقوامی کرکٹ میں فوری واپسی کے خیالات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں واپسی کیلئے انہیں طویل سفر طے کرنا ہو گا۔ انہوں نے خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ عامر نے ابھی زیادہ ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلی اور ہم عالمی سطح پر واپسی سے قبل ان کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اسپاٹ فکسنگ میں ملوث سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف کو 2 ستمبر سے ہر طرز کی کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے چکی ہے۔ ہارون رشید نے کہا کہ پہلے عامر کو فرسٹ کلاس اور پھر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی ہو گی، اس کے بعد ہی ہم ان کے پاکستانی ٹیم میں انتخاب غور کر سکیں گے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ عامر کے حوالے سے اس وقت بات کرنا قبل از وقت ہے۔ چیف سلیکٹر ان افواہوں کی بھی تردید کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ٹوئنٹی20 کپتان شاہد آفریدی کی زمبابوے کے خلاف غیر معیاری کارکردگی پر پریشانی سے دوچار ہے۔ زمبابوے کے خلاف پاکستان نے ٹوئنٹی20 سیریز تو اپنے نام کر لی لیکن نامور آل راؤنڈر دو میچوں میں صرف دو ہی رنز بنا سکے جبکہ دو میچوں میں وہ صرف ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی اور کوچ وقار یونس نے ٹوئنٹی20 کپتان کے حالیہ فارم پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ہارون رشید نے ایسی تمام رپورٹس مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آفریدی کی فارم کے حوالے سے ہمیں کوئی تشویش نہیں بلکہ اس کی بجائے اس وقت بورڈ کی توجہ نوجوان کھلاڑیوں پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کے کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ آفریدی ورلڈ ٹوئنٹی20 میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔