عامر نے کسی کی جان تو نہیں لی ؟: مائیکل ہولڈنگ

کراچی۔18 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) عظیم ویسٹ انڈین بولر اور تبصرہ نگار مائیکل ہولڈنگ نے نوجوان پاکستانی باؤلر محمد عامر کی کرکٹ میں دوبارہ واپسی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عامر نے کسی کی جان نہیں لی اس لئے انہیں دوبارہ موقع ملنا چاہیے۔یاد رہے کہ محمد عامر 2010 ء میں لارڈز میں کھیلے جانے والے ٹسٹ کے دوران دیگر دو ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ثابت ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے 3 ماہ برطانیہ کی جیل میں سزا بھی کاٹی تھی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2011 میں ان پر 5سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔پانچ سالہ پابندی کا شکار ہونے والے محمد عامر کو ان کے مثبت رویئے اور آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ سے تعاون کرنے کی بنا پر 6مہینے کی رعایت دی گئی ، تاہم بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے جوہر دوبارہ دکھانے کیلئے محمد عامر کو چند ماہ مزید انتظار کرنا ہو گا کیونکہ ان پر بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی پابندی کا خاتمہ 2ستمبر 2015 کو ہو گا۔مائیکل ہولڈنگ نے کہا کہ عامر نے جو کیا وہ غیرقانونی اور کھیل کیلئے نقصان دہ تھا اور ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن اس نے کسی کی جان تو نہیں لی اور انہوں نے جو کچھ بھی کیا، میرا ماننا ہے کہ محمد عامر ایک دوسرے موقع کا مستحق ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ اس سے دونوں ہاتھوں سے فائدہ اٹھائے گا‘۔