کراچی ، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامرخان کو انٹرنیشنل باکسنگ اسوسی ایشن نے ریو اولمپکس 2016 میں پاکستان کی نمائندگی کی اجازت دے دی ہے جبکہ عامر بھی اولمپکس میں پاکستانی کی نمائندگی کے خواہشمند ہیں۔ عامر پاکستان میں باکسنگ کے فروغ اور تھر کے خشک سالی سے متاثرہ افراد کیلئے اِن دنوں چیارٹی باکسنگ مقابلے کے انعقاد کے سلسلے میں کراچی میں موجود ہیں۔ انٹرنیشنل باکسنگ اسوسی ایشن کے تازہ فیصلے کے حوالے سے عامر سے سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ ’’میں اس کو دیکھوں گا، اگر یہ ممکن ہوا تو حیرت انگیز ہوگا‘‘۔ انھوں نے کہا: ’’اس کا انحصار میرے پروموٹرز پر ہے جن کے ساتھ میرا پروفیشنل معاہدہ ہے، انگلینڈ واپسی پر میں اپنے پروموٹرز سے اس معاملے پر بات کروں گا‘‘۔ عامر نے ریو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کو اپنے لئے باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا: ’’تصور کیجئے اگر میں اولمپکس میں اپنے مادر وطن کی نمائندگی کروں تو یہ میرے لئے بہت خاص ہوگا‘‘۔ تاہم انھوں نے اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر برطانیہ باکسنگ اسوسی ایشن کے ممکنہ ردعمل کے حوالے سے کچھ نہیں کہا۔