دوبئی 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ناقدین نے ایک ممتاز عالم دین کے خاتون صحافیوں کو کتابوں اور خوشبویات کے تحفے دینے پر سخت برہمی ظاہر کی ہے۔ محمد العارفی نے یہ تحفے پیش کئے تھے جن میں قرآن مجید کا ایک نسخہ، خطبات کا ایک مجموعہ اور عطر کی ایک شیشی شامل تھی۔ اُنھوں نے یہ تحفے اداکاروں ، گلوکاروں اور ریڈیو کے میزبانوں کو پیش کئے تھے۔ گلف نیوز کی خبر کے بموجب ناقدین نے عالم دین سے سوال کیا ہے کہ العارفی نے ایسی خواتین سے ملاقات ہی کیوں کی تھی جن کے سر کھلے تھے حالانکہ سعودی عرب کے علمائے دین اِس کا خصوصی خیال رکھتے ہیں۔ ایک شخص نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا ہے کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ العارفی شہرت یافتہ افراد سے ملاقات کرنا پسند کرتے ہیں۔ شامی بچوں سے نہیں جو شدت کی سردی اور بھوک کا شکار ہیں۔ تاہم اُن کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ تحفے نیک ارادوں کے ساتھ مثبت ردعمل کا اظہار کرنے کے لئے دیئے گئے تھے۔
عراق میں فوجی رکروٹمنٹ سنٹر پر
خودکش حملہ ، 23 ہلاک
بغداد ۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وسطی بغداد میں خودکش بمبار نے عراق کی آرمی رکروٹمنٹ ریالی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں 23 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔ وزارت داخلہ نے بتایا کہ خودکش بمبار دھماکو بیلٹ پہنا ہوا تھا اور اس نے رکروٹنگ سنٹر پر حملہ کردیا۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جبکہ ایک دن قبل دارالحکومت کے شمالی علاقہ الادہیم میں بندوق بردار نے فوجی مقام پر 12 سپاہیوں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کردیا تھا۔