نئی دہلی 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) انڈین مجاہدین یہودیوں اور سفید فاموں کے اغواء کا منصوبہ بنایا تھا تاکہ اُن کی رہائی کے عوض پاکستانی محقق عافیہ صدیقی کو رہا کروایا جاسکے۔ جسے القاعدہ کی کارکن ہونے کے جرم میں امریکہ میں 86 سال کی سزائے قید دی گئی ہے۔ ضمنی فرد جرم میں جو انڈین مجاہدین کے معاون بانی یٰسین بھٹکل اور اُن کے 3 قریبی بااعتماد ساتھیوں کے خلاف دہلی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ کہا گیا ہے کہ نیپال میں اپنے قیام کے دوران یٰسین بھٹکل نے اعلیٰ سطحی انڈین مجاہدین رکن ریاض بھٹکل سے عافیہ صدیقی کو قید سے رہائی دلانے کے منصوبہ پر بات چیت کی تھی۔
قومی تحقیقاتی محکمہ این آئی اے نے کہاکہ تحقیقات سے ثابت ہوچکا ہے کہ ملزم یٰسین بھٹکل کے نیپال میں قیام کے دوران ریاض نے بھی عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے جو امریکہ میں قید ہے، سودے بازی کے مقصد سے یہودیوں کا اغواء کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ این آئی اے نے 277 صفحات پر مشتمل اپنے ضمنی فرد جرم میں کہاکہ انڈین مجاہدین کے کارکن پہلے ہی بعض مالدار ہندوستانی تاجروں کے اغواء کا منصوبہ بناچکے تھے اور خفیہ ٹھکانے اور ہتھیار حاصل کرنا چاہتے تھے تاکہ اغواء کے منصوبے پر عمل آوری کی جاسکے۔ یٰسین اور ریاض کی گزشتہ سال 6 اپریل کو انٹرنیٹ پر چیاٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے محکمہ نے کہاکہ وہ نیپال میں پوکھرا کے علاقہ سے یہودیوں کا آسانی سے اغواء کرسکتے تھے۔