عاشق جوڑے کا زہر پی کر اقدام خودکشی

حیدرآباد۔/18مارچ، ( سیاست نیوز) جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن میں آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک عاشق جوڑے نے زہر پی کر اقدام خودکشی کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہیما لتا آج شام جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن پہنچ کر اپنے عاشق شیوا ساکن خیریت آباد سے شادی کروانے کا مطالبہ کیا اور اس پر الزام عائد کیا کہ وہ شادی کا وعدہ کرکے مکر گیا۔ پولیس نے شیوا کو پولیس اسٹیشن طلب کیا اور ہیما لتا کے روبرو اسے ڈانٹ ڈپٹ کی اور شادی کرنے پر اصرار کیا۔ شیوا نے ہیما لتا سے شادی پر صاف انکار کردیا اور پولیس کی جانب سے دباؤ ڈالنے پر اس نے نامعلوم زہر پی لیا جبکہ کچھ ہی دیر میں شیوا کے اس اقدام سے دلبرداشتہ ہیما لتا نے بھی زہر پی کر خودکشی کی ناکام کوشش کی۔ پولیس نے دونوں کو دواخانہ منتقل کیا جہاں پر دونوں کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔

دودھ گرم کرنے کے دوران
جھلس جانے والا ملازم فوت
حیدرآباد۔/18مارچ، ( سیاست نیوز) کنچن باغ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک واقعہ میں بادام ملک تیار کرنے والی کمپنی کا ایک ملازم جو دودھ گرم کرنے کے دوران جھلس گیا تھا دوران علاج وہ آج فوت ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ عرفان اے پی انٹر پرائزس واقع سی بلاک حافظ بابا نگر جو بادام کا دودھ تیار کرنے والی کمپنی ہے کا ملازم تھا اور 16مارچ کو وہ بڑے برتن میں دودھ گرم کررہا تھا کہ اتفاقی طور پر حادثہ کا شکار ہوگیا اور شدید طور پر جھلس گیا تھا۔ عرفان کو علاج کیلئے دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا لیکن آج وہ دوران علاج فوت ہوگیا۔ کنچن باغ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔