عازمین حج کی مدد کیلئے اسمارٹ فون کا نیا آلہ ایجاد

دوبئی 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) دوبئی کی کمپنی اسٹارٹ اپ نے ایک اسمارٹ فون آلہ تیار کیا ہے جس کا مقصد سعودی عرب میں سالانہ حج کے دوران لاکھوں عازمین حج کی مدد کرنا ہے۔ آلہ کا نام ’’حج سلام‘‘ رکھا گیا ہے۔ اِس کی خصوصیت یہ ہے کہ انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر بھی یہ کارآمد رہ سکتا ہے اور حاجیوں کو درست وقت، مقام اور طریقہ کار کی بنیاد پر ضروری مدد فراہم کرتا ہے جس کی وجہ سے عازمین حج مناسک حج پر زیادہ توجہ دے سکتے ہیں۔ حج سلام عازمین حج کو مناسب دعائیں پڑھنے یا سننے اور اِن دعاؤں کے مناسب وقت اور مقام کی اطلاع دیتا ہے۔ یہ کعبۃ اللہ کے اطراف قائم متعدد سرکٹس کی معلومات بھی فراہم کرتا ہے۔ اِس کے علاوہ مکمل طور پر سوشیل میڈیا سے مربوط ہے۔ حج سلام کی نقشہ کشی کی خصوصیات عازمین حج کے لئے اہمیت رکھتی ہیں۔ کلیدی مقامات کی منصوبہ بندی اِس آلہ کے نقشہ پر دیکھی جاسکتی ہے جو جی پی ایس کارکردگی سے آراستہ ہے۔

حج کے دوران منیٰ میں جو دنیا کا وسیع ترین عارضی قصبہ ہے، اِس اعلیٰ کی مدد سے عازمین حج یہ پتہ چلا سکتے ہیں کہ وہ کس مقام پر موجود ہیں۔ نمایاں نشانیوں کے ذریعہ اور راستوں کے نقشوں کے ذریعہ وہ قریبی مسجد یا اسپتال کا پتہ بھی لگاسکتے ہیں۔ حج نیٹ کے بانی اور سی ای او علی دباجہ نے کہاکہ اُن کا مقصد مسلمانوں کو حج کے روحانی پہلو پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملے اور طریقہ کار کے اور دیگر درپیش چیالنجس کے دباؤ سے چھٹکارہ حاصل ہوجائے جن کی وجہ سے کئی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ علی دباجہ نے جنوری 2012 ء میں حج نیٹ قائم کیا ہے۔ اِس کی تحریک اُنھیں عازمین حج کی کئی کہانیوں سے جو اُنھیں درپیش چیالنجس کے بارے میں تھیں، ملی تھی۔ گزشتہ سال 188 ممالک کے 15 لاکھ عازمین حج نے فریضۂ حج ادا کیا تھا۔