کیاب ڈرائیور کی شکایت پر پولیس کی کارروائی، ڈی سی پی سنٹرل زون کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 3 جون (سیاست نیوز) نامپلی پولیس نے ایک عادی مجرم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے 40 سالہ محمد فاروق احمد عرف جاوید کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے ایک دیسی ساختہ بندوق اور تین کارتوس کو ضبط کرلیا۔ اس سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران سنٹرل زون ڈی سی پی جونیل ڈیویڈ نے بتایا کہ فاروق احمد افضل نگر ملک پیٹ کا ساکن تھا اور ضلع محبوب نگر کا متوطن تھا۔ جاوید کے خلاف ایک کیاب ڈرائیور نے 26 مئی کو شکایت درج کرائی تھی۔ جاوید کا طریقہ کار یہ تھا کہ یہ شخص کیاب کو کرایہ پر حاصل کرنے کے بعد انھیں شہر کے نواحی علاقوں اور بالخصوص اضلاع محبوب نگر اور کرنول لے جایا کرتا۔ اس دوران راستہ میں بندوق دکھاکر کیاب ڈرائیوروں کو لوٹ لیا کرتا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ اس شخص نے اس ڈرائیور شکایت گذار راجو کے کیاب سے 6500 روپئے بھی حاصل کرلئے تھے اور معظم جاہی مارکٹ سے چلا گیا۔ پولیس کے مطابق 2002 ء میں جوبلی ہلز اور عثمانیہ یونیورسٹی پولیس کی کارروائی میں گرفتاری کے بعد اس نے 2004 ء میں جیل سے رہائی کے بعد سعودی عرب چلا گیا اور وہاںاس نے بحیثیت کار ڈرائیور ملازمت اختیار کرلی اور 2012 ء میں اس نے شادی کرلی اور اسے دو بچے ہیں۔ 2016 ء میں جاوید نے پھر دوبارہ سنگین جرم کیا اور دو افراد کا قتل کردیا جس کو کلواکرتی پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے کارروائی کی تھی۔ جیل سے مشروط ضمانت پر رہائی کے بعد اس نے افراد خاندان کو محبوب نگر سے افضل نگر ملک پیٹ منتقل کیا جو تازہ کارروائی میں پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ اس پریس کانفرنس میں ایڈیشنل ڈی سی پی سنٹرل زون ششی دھر راجو، اے سی پی سیف آباد سریندر ریڈی، انسپکٹر نامپلی سنجے کمار و دیگر موجود تھے۔