عادی سارق اور مسروقہ مال خریدار گرفتار

حیدرآباد ۔ /26 فبروری (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے ایک عادی سارق اور مسروقہ مال خریدنے والے 8 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب 28 سالہ محمد منا ساکن اندرماں کالونی عادی سارق ہے اور اسے سابق میں نامپلی اور ٹپہ چبوترہ پولیس نے گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دیدیا تھا ۔ وہ جیل سے رہا ہونے کے بعد دوبارہ سرگرم ہوگیا اور اس نے /12 جنوری کی شب بیگم پیٹ میں واقع سونی موبائیل شاپ میں نقب زنی کے ذریعہ داخل ہوکر موبائیل فون ، کیمرے اور نقد رقم کا سرقہ کرلیا تھا ۔ بعد ازاں مسروقہ مال کو اپنے دوستوں 23 سالہ محمد قدیر ، 20 سالہ سید دستگیر ، 32 سالہ میر ساجد علی ، 28 سالہ محمد سجاد اور 20 سالہ محمد سعود کو فروخت کردیا تھا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے منا کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے 8 لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد کرتے ہوئے اس کے دوستوں کو بھی گرفتار کرلیا ۔