عادی سارقوں کی دو ٹولیاں گرفتار

حیدرآباد ۔ 18 جولائی (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے عادی سارقوں کی دو ٹولیوں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 65 لاکھ مالیتی مسروقہ اشیاء برآمد کرلیا۔ اس سلسلہ میں تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سی وی آنند نے بتایا کہ سید حمید عرف احمد اور سی کوٹیشور راؤ سزاء یافتہ مجرم ہے اور وہ سائبرآباد کے علاقہ میرپیٹ، چندا نگر، رائے درگم، حیات نگر، ونستھلی پورم اور دیگر علاقوں میں قفل شکنی کے ذریعہ مکانات میں داخل ہوکر سرقے کیا کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حمید اور کوٹیشور راؤ کے خلاف سائبرآباد اور حیدرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنس میں کئی غیرضمانتی وارنٹ زیرالتواء ہے۔ کمشنر پولیس نے ایک اور ٹولی محمد خلیل عرف گورے اور راجو عرف گیانا پرکاش سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں عادی سارق ہے اور سائبرآباد اور حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں طلائی چین کی رہزنی، قفل شکنی کے ذریعہ سرقہ انجام دیتے تھے۔ خلیل اور پرکاش کو سابق میں سی سی ایس الوال اور نریڈمیٹ پولیس نے قتل اور رہزنی کے مقدمات میں ملوث ہونے پر انہیں گرفتار کیا تھا اور ان کے خلاف 8 غیرضمانتی وارنٹ زیرالتواء ہے۔ ایک اور عادی مجرم کے سرینواس ریڈی کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس نے سابق میں کشائی گوڑہ ملکاجگری اور ناچارم پولیس اسٹیشنس حدود میں سرقہ کی وارداتیں انجام دی تھیں۔ گذشتہ سال سرینواس ریڈی کو سی سی ایس راجندر نگر میں گرفتار کیا تھا اور جیل سے رہا ہونے کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگیا۔ سائبرآباد پولیس نے مذکورہ گرفتار ملزمین کے قبضہ سے 1.8 کیلو مسروقہ طلائی زیورات، 3.2 کیلو مسروقہ چاندی، موٹر سیکلیں، لیاب ٹاپس، آئی فون اور قیمتی گھڑی جن کی مالیت 65 لاکھ بتائی جاتی ہے، برآمد کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا گیا۔