حیدرآباد ۔ /29 ستمبر (سیاست نیوز) ٹاسک فورس ساؤتھ زون نے عادی رہزنوں کی تین رکنی ٹولی گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ 21 سالہ اکشئے شرما عرف جبار ساکن بیگم بازار اور اس کے دو ساتھی 21 سالہ محمد اکبر پاشاہ ، 19 سالہ محمد احمد محی الدین داؤد خواتین کو نشانہ بنا کر موٹر سائیکل پر گشت کرتے اور طلائی چین اڑالیا کرتے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ اکشئے شرما 22 سے زائد رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہے جس۔ اسے گزشتہ سال پی ڈی ایکٹ کے تحت ایک سال جیل بھیجا گیا تھا ۔رہائی کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگیا اور رہزنی میں ملوث ہونے لگا ۔ محمد اکبر پاشاہ رین بازار کا روڈی شیٹر ہے اور وہ رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ عابڈس پولیس نے پی ڈی ایکٹ نافذ کرکے اسے جیل بھیجا تھا ۔ خواجہ فریدالدین ساکن بازار گھاٹ جو مسروقہ مال خریدتا ہے کے خلاف سابق میں کئی مقدمات درج کئے گئے ۔ پولیس نے رہزنوں کے قبضے سے 6 تولے مسروقہ طلائی زیورات اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ۔