لندن ۔ 27 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے لیگ اسپنر عادل رشید نے سابق کپتان مائیکل وان پر جوابی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وان کا تبصرہ احمقانہ ہے اور اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ یاد رہے مائیکل وان نے ہندوستان کے خلاف پہلے ٹسٹ کیلئے معلنہ انگلش ٹیم میں لیگ اسپنر عادل رشید کی واپسی پر تنقید کی تھی جس کے جواب میں عادل رشید نے سابق کپتان کے تبصرے کو احمقانہ تبصرہ کہا ہے ۔ علاوہ ازیں رشید کی شمولیت پر وان کے علاوہ دیگر کئی سابق کھلاڑیوں نے بھی تنقید کی ہے ۔ یکم اگسٹ کو ہندوستان کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ کیلئے 30 سالہ رشید کو ٹیم میں معین علی اور ایک اور اسپنر کے ساتھ شامل کیا ہے جس پر وان نے رشید کی شمولیت کو نشانہ بنایا ۔ جوابی تنقید میں رشید نے کہاکہ وہ (وان) بہت کچھ کہہ سکتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ عوام ان کی باتیں سنتی ہیں لیکن اکثریت کو وان کے بیان میں کوئی دلچسپی نہیں ہوتی ہے ۔ علاوہ ازیں وان کا خیال کوئی مطلب نہیں رکھتا ۔ انھوں نے مزید کہا کہ رواں برس کے اواخر جب میں نے کہا تھا کہ میں سرخ گیند سے کرکٹ نہیں کھیلوں گا ، اُس وقت بھی وان نے ٹوئیٹ کیا تھا جوکہ متنازعہ بیان ہی رہا ۔ انگلش لیگ اسپنر رشید نے تاہم یہ بھی واضح کردیا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ وان کا ان کیخلاف کوئی ایجنڈہ نہیں ہے ، جیسا کہ ان کی قیادت میں بھی میں نے ٹیم کی نمائندگی کی ہے ۔ یاد رہے عادل رشید نے آخری مرتبہ ڈسمبر 2016 ء میں ہندوستان میں میزبان ٹیم کے خلاف اپنا ٹسٹ کھیلا تھا جبکہ وہ دس ٹسٹ مقابلوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 42.78 کی اوسط سے 38 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔