عادل آباد میں گنیش جلوس کیلئے پولیس کے انتظامات

حساس مقامات پر معقول بندوبست، ضلع ایس پی جی بھوپال کا بیان

عادل آباد۔/31اگسٹ، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میں گنیش وسرجن جلوس کے پیش نظر پولیس کے بڑے پیمانہ پر انتظامات کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ یہ بات مسٹر گجا راؤ بھوپال ایس پی نے اردو میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے بتائی۔ ضلع میں اجتماعی جلوس کے طور پر نکالے جانے والے گنیش کی 1671 مورتیاں ہیں جبکہ انفرادی طور پر مزید مورتیوں کا وسرجن ہوگا۔ عادل آباد میں 386 نرمل میں 432، بھینسہ میں 238 گنیش مورتیاں بالترتیب عادل آباد اور نرمل 8سپٹمبر جبکہ بھینسہ میں 6سپٹمبر کو جلوس کی شکل میں وسرجن عمل میں لایا جائے گا۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال پر قابو پانے کی غرض سے ہر مقام پر سی سی کیمروں کی تنصیب عمل میں لانے کے علاوہ بھینسہ مستقر پر CRPFپولیس کو تعینات کیا جارہا ہے۔ پولیس کی جانب سے حساس مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے ان مقامات پر پولیس کا معقول بندوبست اور گشتی پولیس کو متحرک کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں گنیش پنڈال پر فی کس دو پولیس جوانوں کو متعین کیا گیا۔ عادل آباد، نرمل، بھینسہ کے علاوہ اچوڑہ، خانہ پور، مدھول، اوٹنور، منچریال، کاغذ نگر، بیلم پلی، مندامری مقامات پر بھی پولیس کو تعینات کیا گیا۔ شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر قابو پانے عوام کے تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ضلع پولیس ایس پی مسٹر جی بھوپال نے ضلعی عوام کو فون نمبرات 08732-220730 ، 9490619045 پر ربط پیدا کرنے کی خواہش کی ہے۔خصوصی کنٹرول روم کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے گنیش پنڈال کمیٹیوں سے خواہش کی ہے کہ وہ وقت مقررہ پر جلوس کو نکالیں۔