کانگریس اقلیتی قائد ساجد خان کا احتجاجی دھرنا، ریمس کے ڈاکٹرس پر بھی تساہلی کا الزام
عادل آباد۔/26 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر عادل آباد میں دن بہ دن پھیلنے والی مہلک بیماریوں کا ذمہ دار عادل آباد مجلس بلدیہ کو قرار دیتے ہوئے کانگریس پارٹی ضلع میناریٹی چیرمین مسٹر ساجد خان نے دفتر مجلس بلدیہ کے روبرو اپنے حامیوں کے ساتھ بڑے پیمانہ پر دھرنا منظم کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں مسٹر ساجد خان نے مسٹر جوگو رامنا ریاستی کارگذار وزیر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مشن بھگیرتا کے تحت سڑکوں کو گڑھے کرنے کے بناء پر جا بجا بارش کے پانی کے علاوہ نالیوں کا بہتا ہوا پانی جمع ہونے سے خطرناک مچھروں کی افزائش ہورہی ہے۔ مستقر عادل آباد کے مختلف محلہ جات میں نالیوں کے گندے پانی کی نکاسی نہ ہونے تعفن و مہلک بیماریاں پھوٹ پڑی ہیں۔ کانگریس پارٹی میناریٹی صدر نے مسٹر جوگو رامنا پر مزید الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں عوام سے ووٹ بٹورنے کی غرض مستقر عادل آباد کے بیشتر مقامات پر جلسہ منعقد کررہے ہیں لیکن عادل آباد میں مہلک بیماریوں کی وباء پھیلنے کے بعد بھی عوام کی صحت پر توجہ دینے سے قاصر ہیں۔ مسٹر ساجد خان نے ڈینگو جیسے مہلک بیماری کے پھیلنے کا ذمہ دار مجلس بلدیہ کی جانب سے ناقص صفائی جہاں ایک طرف قرار دیا وہیں دوسری طرف ڈینگو جیسی بیماری کا علاج کرنے میں ریمس دواخانہ کے ڈاکٹرس ناکام ہوچکے ہیں۔ ڈینگو + خون کا معائنہ کرنے میں ریمس ڈاکٹرس لاپرواہی کررہے ہیں جبکہ سٹی اسکین کرنے والی مشین گزشتہ دو ماہ سے عادل آباد کے سرکاری دواخانہ میں ناکارہ ثابت ہورہی ہے۔ راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (Rims) دواخانہ کے ڈاکٹرس پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع ایوت مال کے ڈاکٹرس سے ملی بھگت کے بنا پر عادل آباد کے اس دواخانہ میں علاج کی غرض سے آنے والے مریضوں کو ایوت مال دواخانہ روانہ کرتے ہوئے ناجائز طور پر روپیہ کمارہے ہیں۔ میناریٹی قائد نے ریمس دواخانہ کے ڈاکٹرس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فائدہ کی غرض سے مریضوں کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریمس دواخانہ میں بحالت مجبوری علاج نہ ہونے کی صورت میں ڈاکٹروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ دواخانہ کے ایمبولنس کے ذریعہ بچوں کو حیدرآباد کے نیلوفر دواخانہ علاج کی خاطر روانہ کریں۔ جبکہ ڈاکٹرس اس کے برعکس خدمت انجام دے رہے ہیں۔ قبل از مسٹر ساجد خان نے ضلع کلکٹر شریمتی دیویہ دیوا راجن کو ریمس دواخانہ کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے ایک تحریری یادداشت بھی پیش کی۔ دھرنا کے موقع پر اپنے خطاب میں مسٹر ساجد خان نے کارگذار ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا سے خواہش کی کہ وہ Rims دواخانہ کی ابتر حالت کا اور مجلس بلدیہ کی ناقص صفائی پر توجہ مبذول کرتے ہوئے ڈینگو جیسی مہلک بیماری پر قابو پائیں ورنہ بصورت دیگر مسٹر جوگو رامنا کی قیامگاہ پر ہزاروں افراد کے ذریعہ دھرنا منظم کرنے کا انتباہ دیا۔ قبل ازیں مسرس محمد کلیم ، فیاض احمد ، نرسنگ راؤ نے بھی خطاب میں مجلس بلدیہ اور ریمس دواخانہ کی ابتر حالت کا تذکرہ کیا۔ اس موقع پر مسٹر سکندر، سابق بلدیہ کونسلر محمد صادق، عمر، چندو، ایم اے شکیل، جابر احمد اور دیگر افراد موجود تھے۔