حیدرآباد /28 نومبر ( سیاست نیوز ) عابڈس پولیس نے لاجس میں تلاشی مہم کے دوران ممبئی کے مقیم جیولری شاپ مالکین کے قبضہ سے 7 کیلو سونا برآمد کرلیا ۔ انسپکٹر عابڈس مسٹر پی یادگیری نے بتایا کہ کل رات پولیس کی جانب سے عابڈس علاقہ میں واقع ہوٹلس اور لاجس میں اچانک تلاشی مہم کی گئی جس میں ہوٹل راج ماتا اسٹیشن روڈ میں ممبئی کے دنیش کمار اور اجیت سنگھ کے قبضہ سے 7 کیلو طلائی زیورات برآمد کئے گئے ۔ حراست میں لے جانے پر دونوں افراد نے بتایا کہ برآمد کئے گئے طلائی زیورات کو ممبئی سے حیدرآباد کاروبار کے سلسلے میں منتقل کیا گیا ہے لیکن جواب اطمینان بخش نہ ہونے اور اس سلسلے میں دستاویزات کی عدم موجودگی کے نتیجہ میں پولیس نے برآمد کئے گئے طلائی زیورات کو محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کردیا ۔