رائے پور ۔ /12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) فاسٹ بولرس ظہیر خاں اور شریاس ایئر کی جارحانہ بولنگ کے نتیجہ میں دہلی ڈیرڈیولس نے آج یہاں شہید ویرنارائن سنگھ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں منعقدہ آئی پی ایل کے ایک میچ میں چینائی سوپر کنگس کو شکست دیدی ۔ ڈیرڈیولس کی طوفانی بولنگ کے سبب سوپر کنگس 120 رن پر آؤٹ ہوگئے اور ڈیرڈیولس نے بمشکل 16 اوورس میں بہ آسانی کامیابی کا ہدف حاصل کرلیا جبکہ مقررہ اوورس کے 20 گیندیں ہنوز باقی تھے ۔ دہلی کی یہ پانچویں کامیابی ہے جو تاحال 13 میچ کھیلتے ہوئے 10 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس کے ٹیبل پر ساتویں مقام پر ہیں جبکہ چینائی 13 میچوں میں آٹھ کامیابیوں اور 16 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں سرکردہ مقام کی حامل ہے ۔ اس کامیابی کے باوجود ڈیرڈیولس کی پلے آف تک رسائی یقینی نہیں ہے ۔