نئی دہلی ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق ہندوستانی اسٹرائیک بولر ظہیر خان کو انڈین پریمیر لیگ کے آنے والے نویں ایڈیشن کیلئے آج دہلی ڈیرڈیولس کا کیپٹن مقرر کیا گیا۔ ہندوستان کے بہترین لیفٹ آرم پیس بولر ظہیر اِس سال متواتر دوسرا سیزن ڈیرڈیولس کی طرف سے کھیلیں گے۔ اس تقرر کے تعلق سے بات کرتے ہوئے ٹیم مینٹور راہول ڈراویڈ نے کہا: ’’ظہیر کافی طویل عرصے سے قائدانہ رول نبھاتے آئے ہیں۔ کوئی بھی جو انڈین کرکٹ سے واقف ہو، اسے معلوم ہوگا کہ زاک (ظہیر) کا کیا کچھ اثر رہا ہے۔ وہ ہمیشہ خود کو قائدانہ اوصاف والے کھلاڑیوں میں سے منوانے میں کامیاب رہے ہیں۔ ظہیر قبل ازیں اسی سیزن میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے۔ انھوں نے 92 ٹسٹ کھیلے اور 311 وکٹیں لئے۔ وہ 282 او ڈی آئی وکٹس بھی 200 میچز میں حاصل کئے۔ نیز ہندوستان کیلئے 17 ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنلز بھی کھیلے ہیں۔ ڈراویڈ آئی پی ایل 9 میں ظہیر ، گزشتہ سیزن کے کپتان جے پی ڈومینی (جنوبی افریقہ) اور ہیڈکوچ پیڈی اَپٹن و دیگر سپورٹ اسٹاف کے ساتھ اچھی کارکردگی کے متمنی ہیں۔