ظہیر خان انگلینڈ ٹسٹ سیریز سے باہر

ممبئی۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی نے آج دورۂ انگلینڈ کے لئے ٹسٹ ٹیم کا اعلان کیا ہے، جس میں غیرمتوقع طور پر کھلاڑیوں کی زیادہ تعداد کو شامل رکھا گیا ہے جیسا کہ 18 رکنی ٹیم میں بائیں ہاتھ کے اوپنر گوتم گمبھیر کی واپسی ہوئی ہے، جیسا کہ انہوں نے ڈسمبر 2012ء میں آخری مرتبہ ہندوستان کی ٹسٹ سیریز میں نمائندگی کی تھی۔ پانچ مقابلوں کی ٹسٹ سیریز جس کا جولائی میں آغاز ہوگا، اس سیریز کے لئے ٹیم کے سینئر فاسٹ بولر ظہیر خان سلیکٹروں کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ 35 سالہ فاسٹ بولر ظہیر خان کی انگلینڈ کا دورہ کرنے والی ہندوستانی ٹیم نے زخمی ہونے کی وجہ سے شمولیت نہیں ہوپائی ہے لیکن ان کے کریر میں سوالیہ نشان لگ چکا ہے، حالانکہ انہوں رواں برس کے اوائل نیوزی لینڈ کے خلاف 107 اوورس کی بولنگ دو ٹسٹ مقابلوں میں کی ہے، تاہم آئی پی ایل کے دوران وہ زخمی ہوکر ممبئی انڈینس کی ٹیم سے باہر ہوچکے ہیں۔

گمبھیر کی دیڑھ سال بعد ہندوستانی ٹسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ معلنہ ٹیم کی کپتان مہیندر سنگھ دھونی ، ایشانت شرما کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی انگلینڈ کا تجربہ نہیں رکھتا۔ راجستھان کے فاسٹ بولر پنکج سنگھ کو ٹیم میں موقع دیا گیا ہے اور وہ انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں اپنے بین الاقوامی کریر کا آغاز کرسکتے ہیں۔ پنکج کو گھریلو کرکٹ میں کئی سیزن تک کامیاب مظاہرہ کرنے کا صلہ دیا گیا ہے

جس میں رانجی ٹروفی 2013-14ء میں 22.46 کی اوسط سے39 وکٹوں کا حصول بھی شامل ہے۔ ہندوستانی ٹیم جس نے 2002ء میں آخری مرتبہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کھیلی تھی، جس کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ انگلینڈ کے خلاف مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ٹیم پانچ ٹسٹ مقابلوں میں شرکت کرے گی، نیز گزشتہ تین برسوں کے دوران ہندوستانی ٹیم بیرونی سرزمین پر ٹسٹ میں کامیابی حاصل نہیں کی ہے۔ دریں اثناء بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی جانے والی تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کے لئے جہاں سریش رائنا کو ٹیم کی قیادت دیتے ہوئے مہیندر سنگھ دھونی اور ویراٹ کوہلی کو آرام دیا گیا ہے، وہیں اس ٹیم میں پرویز رسول کو شامل کیا گیا ہے حالانکہ پرویز رسول ، ویراٹ کوہلی کی قیادت میں دورۂ زمبابوے کے موقع پر ٹیم میں شامل تھے لیکن انہیں بین الاقوامی کریر کے آغاز کا موقع فراہم نہیں کیا گیا تھا۔