جمعرات , دسمبر 12 2024

ظہیرآباد ڈیویژن میں 25سرپنچ بلا مقابلہ منتخب

۔ 144 گرام پنچایتوں پر 30 جنوری کو انتخابات، 448 امیدواروں میں مقابلے

ظہیرآباد؛23 / جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )ظہیرآباد ریونیوڈیویژن میں شامل 6 منڈلوں کے 169 کے منجملہ 25 گرام پنچایتوں کے سرپنچ بلامقابلہ منتخب قرار دیئے گئے، جبکہ ماباقی 144 گرام پنچایتوں کے سرپنچ عہدوں کیلئے 30 جنوری کو منعقد ہونے والے انتخابات میں 448 امیدوار وں کے مابین انتخابی مقابلے ہوں گے۔ تفصیلات کے بموجب ظہیرآباد ریونیو ڈیویژن میں شامل 6 منڈلوں ظہیرآباد، مگڑم پلی ،نیالکل ،جھرہ سنگم ،کوہیر اور رائے کوڑکے 169 کے منجملہ 144 گرام پنچایتوں کے انتخابات 30 جنوری کو منعقد ہوں گے ۔رائے دہی 7 بجے صبح سے ایک بجے دن تک جاری رہے گی جبکہ ووٹوں کی گنتی اسی دن 2 بجے دوپہر سے شروع ہوگی اور گنتی کے اختتام پر انتخابی نتائج کا اعلان کردیاجائے گا ۔مجوزہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی 22 جنوری کو قطعی فہرست جاری کردی گئی اور انہیں انتخابی نشانات بھی الاٹ کردیئے گئے ۔ظہیرآباد منڈل کے 22 کے منجملہ 4 گرام پنچایتوں ،مگڑم پلی منڈل کے 22 کے منجملہ 8 گرام پنچایتوں ،نیالکل منڈل کے 37 کے منجملہ 4 گرام پنچایتوں ،جھرہ سنگم کے 33 کے منجملہ 7 گرام پنچایتوں ،کوہیر منڈل کے 24 کے منجملہ 2 گرام پنچایتوں کے سرپنچ بلامقابلہ منتخب قرار دیئے گئے جب کہ رائے کوڑ منڈل کے 31 گرام پنچایتوں میں سے کسی ایک گرام پنچایت کا بھی بلامقابلہ انتخاب عمل میں نہیں آیا ۔مزید تفصیلات کے بموجب ظہیرآباد ریونیوڈیویژن میں شامل 169 گرام پنچایتوں کے 1520کے منجملہ 271 وارڈ ممبران کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا جب کہ ماباقی 1249 وارڈ ممبران کی نشستوں کیلئے 3027 امیدوار انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزمائیں گے۔جن گرام پنچایتوںکی مکمل باڑی کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا،ان میں ظہیرآباد منڈل کی شیخاپور تانڈہ ،مدولائی تانڈا ،ہگیلی تانڈا اور ملچلمہ تانڈا کی گرام پنچایتیں کے علاوہ مگڑم پلی منڈل کی چنم بٹی تانڈا ،پیڈیال تانڈا ،رائے پلی تانڈا ،سجارائو پیٹ تانڈا ،مرزا پلی تانڈا ،ہری چند نائک تانڈا اور اورنگ نگر کی گرام پنچایتیں شامل ہیں جب کہ مگڑم پلی منڈل کے اسد گنج گرام پنچایت کے 8 وارڈ ممبران بلامقابلہ منتخب قرار دیے گئے۔اب وہاں صرف سرپنچ عہدہ کے لیے دو امیدواروں ایم ایچ اوم کار اور محمد عبدلمبین کے درمیان مقابلہ ہوگا۔یہاں اس بات کاتذکرہ بے جا نہ ہوگاکہ مگڑم پلی منڈل میں شامل اورنگ نگر گرام پنچایت کے سرپنچ عہدہ کے لیے مسلم خاتون بی پاشاہ کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا جب کہ اسی گرام پنچایت کے سبھی 8 وارڈممبران حفیظہ بی ،محمد افسر،امینہ بیگم ،یوسف پاشاہ ،نرسمہلو،پونیما،سدرشن ریڈی ،چالکی بھاگمما بھی بلامقابلہ منتخب قرار دیے گئے ۔مجوزہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی قطعی فہرست جاری کردیے جانے کے بعد انتخابی سرگرمیوں میں تیزی پیدا ہوگئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT