ظہیرآباد ۔ 21 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ حکومت کی جانب سے 19 اگسٹ کو کروایا گیا جامع خاندانی سروے پروگرام میونسپلٹی حدود میں صد فیصد کامیاب رہا ۔ حکام کی جانب سے نشاندہی کئے گئے (13810) خاندانوں کے مقابلے میں زائد از 16000 خاندانوں نے حکومت کو مطلوب تفصیلات درج رجسٹر کروائے ۔ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے اپنی نوعیت کے منفرد سروے کی کامیابی میں عوام کی غیرمعمولی دلچسپی کا جہاں دخل رہا ہے ، وہیں سرکاری و خانگی ملازمین کا رول بھی قابل ستائش ہے ۔ سروے کی مقررہ تاریخ سے قبل خاندانوں کی نشاندہی کیلئے کئے گئے سروے میں جن خاندانوں کی نشاندہی کی گئی تھی ، ان سے مطلوب تفصیلات کے حصول میں شمار کنندگان کو زیادہ دشواریوں کا سامنا کرنا نہیں پڑا ، البتہ ان خاندانوں کے افراد کی شدید برہمی کو سہنا پڑا جو مقررہ سروے کے دوران اندرون و بیرون ریاستوں سے لوٹ کر آئے تھے ۔ صبح کے 8بجتے ہی جب شمار کنندگان کی جانب سے اپنے اپنے مقامات پر کسی ایک گھر میں اپنے مفوضہ فرائض انجام دینے کا آغاز کیا تو متصل مکانوں میں مقیم خاندانوں کو ان کی آمد کا بے چینی سے انتظار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ جن خاندانوں کا سروے مکمل ہوگیا ، ان کے افراد نے اطمینان کی سانس لی جب کہ ان خاندانوں کی اضطرابی کیفیت میں اس وقت بے حد اضافہ ہوگیا ، جن کے مکانات کا سر شام تک انتظار کرنے کے باوجود شمار کنندگان نے رخ نہیں کیا ۔ بہرحال رات کے 11 بجے تک سروے کا کام جاری رہا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جانہ ہوگا کہ حکام کی جانب سے مقررہ سروے سے قبل نشاندہی کئے گئے خاندانوں سے زیادہ خاندانوں کا سروے کئے جانے کے باوجود ابھی ایسے کئی خاندان مجوزہ سروے میں اپنی تفصیلات کا اندراج کرانے سے محروم ہوگئے ہیں جنہیں مجوزہ سروے سے متعلق عنقریب کسی دوسری تاریخ کا حکومت کی جانب سے اعلان کئے جانے کی امید ہے ۔