ظفر انصاری نے قانون کے لئے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

لندن۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش آل راؤنڈر ظفر انصاری نے کرکٹ سے کنارہ کشی کا حیران کن اعلان کر دیاہے ۔25 سالہ اسپنر ظفر قانون کی تعلیم سمیت دیگر منصوبوں کی تکمیل کیلئے پرجوش ہیں۔ گزشتہ سال اکتوبر میں بنگلہ دیش کیخلاف ٹسٹ کیریئر شروع کرنے والے اسپنر  نے ہندوستان کیخلاف بھی دو ٹسٹ کھیلے لیکن 71 فرسٹ کلاس میچوں میں 128 وکٹوں کے ساتھ کھیل کو خیرباد کہہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ سبکدوشی کا وقت حیران کن ضرور ہے لیکن کرکٹ ان کی زندگی کا محض ایک حصہ تھی اور اب وہ قانون کی تعلیم سمیت بعض دوسری منصوبوں کی تکمیل کا ارادہ رکھتے ہیں۔

سندھو کوارٹر فائنل میں داخل
نئی دہلی 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اولمپک سلور میڈلسٹ پی وی سندھو نے بیاڈمنٹن ایشیاء چمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جیسا کہ انھوں نے آج کھیلے گئے مقابلے میں جاپان کی آیا اوہیری کو راست گیمز میں 21-14 ، 21-15 سے شکست دی۔ اوہان اسپورٹس سنٹر جمناازم میں کھیلے گئے مذکورہ ٹورنمنٹ کے دوسرے مرحلہ کے مقابلہ میں ہندوستانی کھلاڑی سندھو کو زیادہ جدوجہد کرنی نہیں پڑی اور انھوں نے اپنی حریف کے خلاف 40 منٹوں میں کامیابی حاصل کرلی۔ دریں اثناء مرد زمرے کے مقابلوں میں اجئے جئے رام کو ایک آسان شکست قبول کرنی پڑی جنھیں دوسرے مرحلہ کے مقابلہ میں چینی تائی پائی کے سوجین ہاؤ نے 19-21 ، 10-21 کی شکست برداشت کرنے پر مجبور کیا۔