طیرانگاہ پٹنہ پر نتیش کمار اور شروگھن سنہا کی اچانک ملاقات

پٹنہ ۔ 29 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) باہمی ملاقات پر اٹھے تنازعہ کے بعد بی جے پی لیڈر شتروگھن سنہا اور چیف منسٹر نتیش کمار کا آج یہاں طیرانگاہ پر آمنا سامنا ہوگیا اور دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کیا ۔ دونوں قائدین کی ملاقات وی آئی پی گیسٹ کے روبرو ہوئی۔ شتروگھن سنہا دہلی جارہے تھے جبکہ چیف منسٹر نتیش کمار دہلی میں سابق صدر عبدالکلام کے تعزیتی اجلاس میں شرکت کے بعد واپس آئے تھے۔ دونوں نے مصافحہ کیا کہ آپس میں خیر و عافیت دریافت کی۔ قبل ازیں وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پٹنہ کے دوسرے دن شتروگھن سنہا نے چیف منسٹر نتیش کمار کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی تھی جس پر یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہے کہ وہ جنتا دل متحدہ میں شمولیت کی تیاریاں کر رہے ہیں لیکن سابق فلمی اداکار نے اس کی تردید کردی۔