طور طریقے تبدیل کرنے وزراء کو ملائم سنگھ یادو کا 10 روزہ الٹی میٹم

لکھنو 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج پارٹی کے وزراء اور یو پی کے سرکاری ملازمین کو اپنے ’’طور طریقے تبدیل کرنے کیلئے 10 روز کا الٹی میٹم دے دیا۔ انہوں نے اپنے فرزند چیف منسٹر اکھلیش یادو سے بھی کہا کہ وہ خود کو ’’چاپلوسوں‘‘سے دور رکھیں۔چیف منسٹر کی قیامگاہ پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کابینی وزیر اعظم خان کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ تمہاری حکومت میں چاپلوسوں کا غلبہ ہے۔ ریاستی حکومت اور پارٹی اپنی کارکردگی کی وجہ سے کمزور ہورہی ہے۔

وزراء اور عہدیداروں کو اندرون دس دن اپنے طور طریقے تبدیل کرناچاہئے ۔ چیف منسٹر پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تم کو چاپلوسوں کے پھندے میں نہیں پھنسنا چاہئے۔ تمہیں جی حضور سننے کی عاد ت ہوگئی ہے۔ ان سب باتوں کا نتیجہ چاپلوسوں کے پھندے میں پھنسنے کی شکل میں ظاہر ہوگا جو کوئی اچھی بات نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو سڑکوں کو سڑکوں ،برقی توانائی اور آبی پراجکٹس میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاستی حکومت کے وزراء کی کارکردگی کا جائزہ نہیں لے رہے ہیں لیکن جانتے ہیں وہ کیا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تم سب کو اندرون 10 دن اپنے طور طریقے بدلنے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی حکومت سے برتر ہے اور آپ پارٹی کو ہی کمزور کررہے ہیں۔ انہوں نے اکھلیش حکومت کی کارکردگی پراظہار ناراضگی بھی کیا۔