نونہال اردو میڈیم ہائی اسکول کورٹلہ میں عصری اور دینی تعلیم پر خصوصی توجہ
کورٹلہ۔/15جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد عبدالرحیم صدر مدرس مدرسہ نونہال ہائی اسکول اردو میڈیم کورٹلہ نے سیاست نیوز کو رٹلہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کورٹلہ میں آج سے تقریباً 25سال قبل نونہال ہائی اسکول اردو میڈیم کا قیام عمل میں آیا۔ انہوں نے کہ کہ مولانا محمد شفیع ندوی ناظم مدرسہ کی نگرانی میں یہ ادارہ گذشتہ 25سال سے بام عروج پر اپنی منزلیں طئے کررہا ہے۔ گذشتہ پانچ سال سے ایس ایس سی کے امتحان میں مدرسہ ہذا کے طلباء و طالبات شاندار مظاہرہ کررہے ہیں۔ ایس ایس سی پہلے بیاچ سال 2009-10 کے امتحان میں ہمارے اسکول کے ہونہار طالب علم شیخ جنید نے 553نشانات حاصل کرتے ہوئے ریاست کے اردو میڈیم اسکولوں کے طلبہ میں ٹاپر آکر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ کے ہاتھوں عابد علی خاں گولڈ میڈل ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے کورٹلہ کا نام روشن کرچکے ہیں۔اس کے علاوہ ہمارے طلباء کئی ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں۔ جس میں مجتبیٰ جویلرس حیدرآباد کی جانب سے گولڈ میڈل ایوارڈ، انڈو برٹش اکیڈیمی لندن کی جانب سے ایوارڈ آف اکسلینس حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہرسال کی طرح امسال بھی ایس ایس سی کے امتحان صدفیصد رہے۔ جملہ 35طلباء و طالبات میں 8طلباء نے GPA9.0 سے زائد نمبرات حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور علماء و حفاظ کے زیر نگرانی طلباء کو قرآن مجید معہ تجوید سکھائی جارہی ہے۔ طلباء کو دینیات کے باضابطہ نصاب کے تحت قرآنی سورتیں، دعائیں، سنتیں و احادیث یادد دلائی جاتی ہیں۔ الحمدللہ 10طلباء و طالبات تیسواں پارہ مع تجوید مکمل حفظ کرچکے ہیں۔ طلباء میں نماز کی عادت ڈالنے کیلئے اسکول کے اندر خوبصورت مسجد تعمیر کی گئی ہے۔ لڑکیوں کیلئے ایک کشادہ نماز گاہ اور الگ وضو خانہ تعمیر کیا گیا ہے۔ طلباء و طالبات میں تعلیمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے مدرسہ میں لائبریری کا قیام عمل میں لایا گیا جہاں طلباء و طالبات کے علمی و ادبی ،سائنسی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے والی کامیاب زندگی اور اخلاقی کردار بنانے والی 200سے زائد کتابیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال گذشتہ 150طلباء کو فی کس 5000/- روپئے مرکزی حکومت کی مائناریٹی اسکالر شپ سے استفادہ کروایا گیا۔