طلبہ کی زندگیوں میں روشنی بکھیرنا جاری رکھیں

نئی دہلی ۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر برائے فروغ اسنانی وسائل سمرتی ایرانی نے آج اساتذہ سے خواہش کی کہ وہ طلبہ کی زندگیوں میں روشنی بکھیرنا جاری رکھیں اور انہیں خود کو بہتر بنانے میں مدد دیں کیونکہ انسان کے اندر کا استاد کبھی سبکدوش نہیں ہوتا۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انعام یافتہ اساتذہ سے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تدریس ایک پیشہ نہیں بلکہ طرز زندگی ہے اور استاد کبھی سبکدوش نہیں ہوتا۔ بی جے پی کے اساتذہ شعبہ سے خطاب میں سمرتی ایرانی نے اساتذہ سے اظہارتشکر کیا کہ انہوں نے طلبہ کی شخصیت کو ترقی دیتے ہوئے قوم کی تعمیر میں حصہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی زندگیوں میں وسیع تجربہ ہوتا ہے۔ انہیں مسلسل جدوجہد کرنا پڑتی ہے اور طلبہ کو تعلیم دینا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاد وہ شخصیت ہے جو اپنے طلبہ کی زندگیوں میں روشنی بکھیرتا ہے اور آپ کو کئی افراد کی زندگیوں میں روشنی بکھیرنا جاری رکھنا چاہئے۔ انہوں نے اساتذہ سے سماج کیلئے ان کی دین پر اظہارتشکر کیا۔