طلبہ کو سچی لگن سے تعلیم حاصل کرنے کا مشورہ

سرپور ٹاؤن اپر پرائمری اسکول میں وداعی تقریب، ہیڈ ماسٹر عزیز خاں کا خطاب

سرپور ٹاؤن۔/28مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاؤن مستقر کے گرلز اپر پرائمری اسکول اردو میڈیم میںساتویں جماعت کے طلبہ کی سالانہ وداعی تقریب کا انعقاد عمل میںآیا۔ اس وداعی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے والے منڈل ایجوکیشن آفیسر پربھاکر، سابق موظف ہیڈ ماسٹر لیاقت علی خان نے شرکت کی۔ اس تقریب میں شرکت کرنے والوں میں سی آر پی سنتوش کمار، ایم اے نسیم،شام سندر، گرلز پرائمری اسکول مینجمنٹ کمیٹی صدر محمد خالق حسین، اردو میڈیم ہیڈ ماسٹرس عزیز خاں اور اردو میڈیم اسٹاف، محترمہ عائشہ بیگم، محترمہ شہناز بانو، لائق فاطمہ، شہانہ سلطانہ، بی جیوتی کے علاوہ تلگومیڈیم اسٹاف میں شاردا بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ہیڈ ماسٹر گرلز اپرپرائمری اردو میڈیم عزیز خان نے کہا کہ جمہوری حکومت میں ہر ایک کا تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانگی مدرسوں کے مقابل سرکاری مدارس شانہ بہ شانہ چل رہے ہیں اور ریاستی حکومت اردوتعلیم کے فروغ کیلئے کافی سنجیدہ ہے۔ طلباء کو چاہیئے کہ وہ اردو تعلیم حاصل کرنے کیلئے سچی لگن اور محنت کریں اور ریاستی حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کرنے کا مشورہ دیا۔ سابق ہیڈ ماسٹر وظیفہ لیاقت علی خاں نے کہا کہ مسلم اقلیتوں کو چاہیئے کہ اپنے بچوں کو اردو زبان اور اپنی مادری زبان میں تعلیم دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھے شہری ہونے کیلئے تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہے۔بچوں کو چاہیئے کہ اچھی تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنے اسکولس، ٹیچرس اور والدین کے ساتھ ساتھ اپنے گاؤں کا نام روشن کریں۔ گرلز اپرپرائمری اسکول ہیڈ ماسٹر مسٹر عزیز نے شکریہ ادا کیااور تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔