طلبہ کو دینی تعلیم کیساتھ عصری علوم سیکھنے کی تلقین

بچکنڈہ 27 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنمنٹ اردو میڈیم ہائی اسکول ہسگل میں جناب شیخ ذاکر کی زیرنگرانی ادارہ سیاست کی جانب سے تلگو سیکنڈ لینگویج ایس ایس سی کوئسچن بینک کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر مفتی محمد ابوبکر قاسمی صدر مدرسہ دارالعلوم محمدیہ شخاپور نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ روزنامہ سیاست کی جانب سے ہر سال ایس ایس کے طلباء و طالبات کے لئے مفت کوئسچن بینک فراہم کی جارہی ہے جو قابل تحسین ہے۔ انھوں نے کہاکہ ادارہ سیاست کی فلاحی خدمات مثالی ہیں۔ ادارہ سیاست دوسرے اداروں کے مقابل ایک قدم آگے رہتا ہے۔ انھوں نے طلباء و طالبات سے کہاکہ محنت و جستجو سے تعلیم حاصل کریں، اپنے اساتذہ اور والدین کا نام روشن رکھیں۔  اسلام میں تعلیم حاصل کرنا مرد و عورت پر فرض عین ہے۔ بلکہ دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم حاصل کرنا معاشرہ میں اشد ضروری ہے۔ انھوں نے کہاکہ دینی تعلیم کو اُخروی علم کہا جاتا ہے اور دنیاوی تعلیم کو فن کہا جاتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ مجاہد آزادی ہند و مفسر قرآن مولانا ابوالکلام آزاد نے تعلیمی انقلاب کے لئے اپنی پوری زندگی وقف کردی۔ ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اسی طرح سابق صدرجمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کی مثال پیش نہیں کی جاسکتی جنھوں نے اپنی پوری زندگی تعلیمی میدان میں گزار دی اور پوری دنیا کو سبق سکھایا کہ تعلیم سے ہی زندگی میں انقلاب لایا جاسکتا ہے۔ اس لئے طلبہ کو چاہئے کہ وہ جوش و خروش کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔ جناب شیخ ذاکر نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ادارہ سیاست کی جانب سے دوسری زبان تلگو ایس ایس سی کوئسچن بینک طلباء و طالبات کو امتحان میں تیاری کے لئے کافی کارآمد ثابت ہورہی ہے جس سے طلباء و طالبات استفادہ کرتے ہوئے اعلیٰ نشانات حاصل کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ادارہ سیاست وہ واحد ادارہ ہے جس کی خدمات نہ صرف تلنگانہ بلکہ پورے ملک میں جاری ہیں۔