طلبہ سے سائنس میں خصوصی دلچسپی لینے کی خواہش

عادل آباد میں محکمہ تعلیمات کے پروگرام سے ریاستی وزیر جوگو رامنا کا خطاب
عادل آباد /3 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع عادل آباد میں خاطر خواہ بارش نہ ہونے پر عوام کے اعمال کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ریاستی وزیر جنگلات و ماحولیات جوگو رامنا نے انسان کو اپنی زندگیوں میں تبدیلی لاتے ہوئے ہر ایک کا احترام، ایک دوسرے سے ہمدردانہ تعلق اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ ضلع میں 41 فیصد جنگلات ہونے کے باوجود خاطر خواہ بارش نہ ہونے سے مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انھوں نے مستقر عادل آباد کے کانونٹ ہائی اسکول انگلش میڈیم میں محکمہ تعلیمات کی جانب سے منعقدہ انسپائر سائنس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر انھوں نے طلبہ و طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ سائنس میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے ملک اور قوم کا نام روشن کرنے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے دور جدید میں سائنس کو انسانی زندگی کا ایک اہم پہلو قرار دیا اور مستقر پر سائنس بھون بنانے کا تیقن دیا۔ قبل ازیں عادل آباد کے رکن لوک سبھا جی ناگیش، حلقہ بوتھ کے رکن اسمبلی راٹھور بابو راؤ، صدر نشین ضلع پریشد شریمتی شوبھا رانی اور صدر نشین مجلس بلدیہ شریمتی آرمنیشا نے اپنے اپنے خطاب کے دوران انسپائر سائنس میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو مزید پروان چڑھانے کا مشورہ دیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر ستیہ نارائن ریڈی نے اپنے خطاب میں گزشتہ تین سال سے عادل آباد میں منعقد ہونے والے انسپائر سائنس پر ضلعی عہدہ داروں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال عادل آباد کے طالب علم کے ریاستی سطح کے انسپائر سائنس کے لئے منتخب ہونے سے ضلع کا نام روشن ہوا۔ واضح رہے کہ جاریہ سال انسپائر سائنس میں حصہ لینے کے لئے 500 طلبہ کی نشاندہی کی گئی تھی، جس میں ضلع کے مختلف مقامات سے بیشتر زبانوں میں تعلیم حاصل کرنے والے 300 طلبہ نے شرکت کی۔ سہ روزہ انسپائر سائنس میلہ میں کاغذ نگر گورنمنٹ ہائی اسکول آر بی کی طالبات نے شمسی توانائی کے ذریعہ پانی گرم کرنے کا اسٹال لگایا، جس کی سرپرستی اسکول اسسٹنٹ محمد عمران رسول اور مرزا آصف بیگ نے کی۔ اس موقع پر راجیو ودیا مشن عہدہ دار مسرز صفدع علی، گورنمنٹ بالک مندر ہائی اسکول کے معلم سلیم الدین اور قلعہ ہائی اسکول کے صدر مدرس کوثر بھی موجود تھے۔