حیدرآباد /27 جنوری ( سیاست نیوز ) کیسرا کے علاقہ میں ایم ٹیک طالب علم کی مشتبہ موت کے بعد رشتہ داروں نے پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ مدھو یادو جو حیات نگر کے ساکن راملو کا بیٹا تھا ۔ آج صبح اس کی نعش آؤٹر رنگ روڈ جنکشن کے قریب ایک کلورٹ سے دستیاب ہوئی جبکہ اس کی موٹر سائیکل بھی وہاں حادثہ کے مقام پر موجود تھی ۔ پولیس اور متوفی کے رشتہ داروں کے مطابق مدھو یادو اپنے ساتھیوں کے ساتھ ساتھی کی تقریب میں شرکت کے لئے کل رات موٹر سائیکل لیکر باٹا سنگارم علاقہ گیا تھا ۔ جو رات واپس نہیں آیا ۔ مدھو کے رشتہ داروں نے الزام لگایا کہ مدھو کا منصوبہ بند سازش کے تحت قتل کیا گیا ۔اور نعش کے پاس اس کی موٹر سائیکل کو پھینک دیا گیا ۔ برہم رشتہ داروں نے قتل کا الزام لگایا اور تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس کے جسم پر گہرے زخموں کے نشان پائے گئے ہیں ۔ مدھو کے ساتھیوں میں ایک ساتھی کے ویزا کی تصدیق ہوچکی تھی اور اس خوشی میں پیر کی شام پارٹی منعقد کی گئی تھی ۔ مدھو اس پارٹی میں شرکت کیلئے گیا تھا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔