جگتیال ۔27جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خواتین کے تحفظ کیلئے کئی ایک قوانین موجود ہیں جب تک ان قوانین سے استفادہ نہیں کیا جاتا خواتین کے استحصال اور ان پر مظالم کا سلسلہ جاری رہے گا۔یہ بات پرمیلا دیوی ہیڈ کانسٹیبل ون ٹاون جگتیال نے گورنمنٹ ویمنس ڈگری کالج جگتیال میں ’’امپاورمنٹ آف ویمنس ‘‘ کے زیر عنوان ایک پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہی۔ پرنسپل ڈاکٹر کے کشن کی زیر صدارت منعقدہ اس پروگرام میں وائس پرنسپل پی رویندر ، صدر شعبہ پولیٹیکل سائنس بھاسکرا چاری اور سی پی ڈی سی رکن خان ضیاء اور لیکچررس ،عرشیہ سلطانہ ،عرشیہ بیگم ، یاسمین سلطانہ ،حمیرہ سلطانہ نے شرکت کی ۔پرمیلا دیوی نے اس موقع پر بتایا کہ لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ اور انہیں ہراساں کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جاتا ہے ۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ
اگر وہ پولیس اسٹیشن پہنچنے اور شکایت درج کروانے میں جھجک محسوس کریں تو ٹول فری فون نمبر100کو فون کرکے اپنی شکایت درج کرواسکتے ہیں جو راست حیدرآباد پولیس ہیڈ کوارٹر سے جڑا ہوتا ہے اور شکایت پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھیڑ چھاڑ پر خاموشی اختیار کرنے کا مطلب آوارہ گردی کرنے والے لڑکوں کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔ تاہم انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ عشق ،محبت جیسی خرافات میں نہ پڑیں۔انہوں نے کہا کہ دنیامیں مانباپ سے زیادہ کوئی محبت نہیں کرسکتے اس لئے لڑ کوں کے بہکاوے میں آکر ماں باپ سے بغاوت کا تصور صرف فلمی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں ے طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے ذریعہ خود کو با اختیار بنانے پر زور دیا۔