بیدر۔26 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) طلباء و طالبات حالات کا منہ موڑنا سیکھیں ‘ یہ بات جناب مبارک کاپڑی نے رنگ مندر بیدر میں دہم جماعت کے سرکاری اور امدادی غیر امدادی اسکول کے طلباء و طالبات سے کہی ۔ وہ شاہین ادارہ جات بیدر کی سلور جوبلی سال کے موقع پر تعلیمی بیداری کارواں کے تحت اپنا لکچر پیش کررہے تھے ۔انہوں نے طلباء کو نوٹ کرایا کہ مایوسی کی باتیں کرنے والوں کے ساتھ طلبہ میل ملاپ نہ رکھیں ۔ شارٹ کٹ کا انجام کریئر اور مستقبل کی موت ہوتا ہے ۔ تعلیم کا حصول دراصل زندگی کی منصوبہ بندی سے وابستہ ہے ۔انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ ذہین ترین لڑکیوں کو آگے بڑھنے نہیں دیا جاتا ۔ لڑکیوں کا اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہی نہیں بلکہ لازمی بھی ہے ۔ کوئی جاہل ماں مثالی والدہ نہیں ہوسکتی اس لئے لڑکیوں کی تعلیم نہایت ہی ضروری ہے ۔ انہوں نے اپنے لکچر کے سب سے قیمتی لفظ کو عزت سے تعبیر کیا اور لڑکیوں سے عہد لیا کہ وہ تعلیم حاصل کرتے ہوئے مقابلہ جاتی امتحانات اور مقابلہ جاتی زندگی گذارتے ہوئے کبھی بھی اپنی عزت کا سب سے پہلے خیال رکھیں گے ۔ عزت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہوتی ۔ کالج جاتے ہوئے اگر دماغ میں ذرا سی خرافات آرہی ہوں تو کالج مت جائے اور گھر میں عزت سے بیٹھی رہیں ۔ پروگرام کا آغاز عمر ہاشمی ہائی اسکول کے طالب علم محمد فیروز کی تلاوت کلام سے ہوا ۔ بی ای او بیدر جناب محمد تحسین‘ جناب عبدالقدیر سکریٹری شاہین ادارہ جات نے بھی خطاب کیا ۔ نظامت کے فریضہ خورشید احمد قادری نے انجام دیا ۔ اس پروگرام میں سرکاری پی یو گرلز ہائی اسکول ( اردو) بیدر ‘ سرکاری اردو ہائی اسکول میلور ‘ الامین گرلز ہائی اسکول بیدر این ٹی سی ال محبوب عمر ہاشمی اردو ہائی اسکول اور شاہین اردو ہائی اسکول کے طلباء و طالبات شریک تھیں ۔