پونے ۔28اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) سن رائیزر حیدرآباد کو شکست دینے کے بعد ٹورنمنٹ میںجدوجہد کررہی ہے ٹیم رائزنگ پونے نے کامیابی کی سمت واپسی کی ہے اور کل وہ یہاں کھیلے جانے والے مقابلے میں ٹورنمنٹ کی سرفہرست ٹیم گجرات لائنس کے خلاف بھی کامیابی کیلئے پُرعزم ہے ۔ٹورنمنٹ کے اپنے افتتاحی مقابلہ دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس کے خلاف ایک جامع کامیابی حاصل کرنے کے بعد مہیندر سنگھ دھونی کی زیر قیادت پونے کی ٹیم کو متواتر چارمقابلوں میں شکست برداشت کرنی پڑی لیکن منگل کو کھیلے گئے مقابلہ میں ڈک ورتھ لوئز نظام کے تحت حاصل ہوئی کامیابی میں اس میں ایک نئی جان ڈال دی ہے ‘ تاہم گجرات کے خلاف کامیابی حاصل کرنا اس کیلئے ایک سخت چیلنج ہوگا ۔ پونے کو راجکوٹ میں کھیلے گئے مقابلہ میں گجرات کے خلاف سات وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی ‘جب کہ گجرات کا زیادہ تر انحصار اپنے ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں پر ہے جس میں ارون فنچ اور برینڈن مکالم کی اوپننگ جوڑی کے علاوہ کپتان سریش رائنا بھی رنز اسکور کررہے ہیں
جب کہ فنچ کی فٹنس کے باعث ٹیم میں ڈیون اسمتھ کو بحیثیت اوپنر منتخب کیا گیا تھا اور انہوں نے اپنے دوسرے ہی مقابلہ میں گذشتہ رات دہلی کے خلاف 30گیندوں میں 52رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے اپنے انتخاب کو صحیح ثابت کیا ہے ۔ بولنگ شعبہ میں براؤو اور کلکرنی گجرات کیلئے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولرس بنے ہیں جیسا کہ دونوں نے بالترتیب 7 اور 6وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اسپن شعبہ میں پراوین تمبی اور رویندرا جڈیجہ نے بالترتیب 5 اور 4وکٹیں حاصل کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اپنا رول ادا کیا ہے ۔ دوسری جانب پونے کیلئے اجنکیا رہانے اور فاف ڈوپلیسی 223 اور 206رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کیلئے رنز بنائے ہیں ۔جبکہ اسٹیون اسمتھ اور مہیندر سنگھ دھونی تاحال بڑا اسکور بنانے میں تاہم کامیاب نہیں ہوئے ہیں ۔ ایم اشون اور تیسارا پریرا نے بالترتیب 7اور 6وکٹیں لیتے ہوئے پونے کو اننگز کے آغاز پر ہی کامیابی دلوائی ہے ۔ کل کے مقابلہ میں تمام تر نظریں اشوک ڈنڈا پر ہوں گی جنہوں نے حیدرآباد کے خلاف اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے جبکہ روی چندرن اشون سے بھی ٹیم کو بہتر مظاہرہ کی امید ہے ۔